08 فروری ، 2012
کراچی … بالائی و شمالی علاقہ جات کے بعد اب سندھ میں بھی یخ بستہ ہواوٴں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔دادو میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔کوڑک ٹاپ پر پھسلن کے باعث ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں میں موجود لوگوں کو برفیلی ہواوٴں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔کراچی سمیت صوبہ سندھ کے تمام علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ سندھ کے بالائی علاقوں میں دادو اور لاڑکانہ میں سب سے زیادہ سردی ہے،حیدرآباد،جیکب آباد،سکھر اور نوابشاہ سمیت دیگر شہروں میں بھی یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے شہری گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں جبکہ شدیدسردی کی وجہ سے کاروباری مراکز اور بازار گذشتہ روزسرشام بند ہوگئے اور سڑکوں پر سناٹا چھایا رہا،ادھرکوڑک ٹاپ پر پھسلن کے باعث ٹریفک کئی کئی گھنٹے جام ہوجاتا ہے ،ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے گاڑیوں میں موجود بزرگ،خواتین اور بچوں کوبرفیلی ہواوٴں میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔دوسری جانب مظفر آباد اور دیگر علاقوں میں شدید سردی ہے۔ فاروڈ کہوٹہ لیپہ روڈ اور شاردہ کیل روڈ بھی برف کے باعث بند ہیں۔مالاکنڈ،ہزارہ اور بلتستان ڈویژن میں بھی سردیاں پوری شدت کے ساتھ موجود ہیں۔