14 مارچ ، 2025
سوال: چھوٹے بچّوں کی روزہ کشائی کی تقریب منانا کیسا ہے؟
جواب: بچّے اگر اپنی خوشی سے اور مرضی سے کم عمری کے باوجود بھوک پیاس اور تکلیف برداشت کرتے ہوئے محض اللہ تعالیٰ کی خُوشنودی کے لیے روزہ رکھتے ہیں تو ایسے بچّوں کی ہمت افزائی اور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور گھر والوں کو خوشی منانی چاہیے۔
جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد گرامی کو سامنے رکھ کر ہمیں خوشی منانی چاہیے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے۔ ’’جس شخص کو اپنی نیکیوں پر خوشی و مسرت ہو اور اپنے گناہوں پر رنج و غم اور ندامت ہو، وہ مومن ہے۔‘‘ (مسند احمد)۔
روزہ کشائی کی تقریب اگر ریاکاری، شہرت، نام و نمود اور دُوسری غیرشرعی چیزوں اور بےقاعدگی سے پاک ہو تو ایسی تقریبات کا انعقاد شرعاً جائز ہے کہ ان سے چھوٹے بچّوں کی ہمت افزائی ہوتی ہے، دین اور نیکیوں کے بارے میں اس قسم کی تقریبات سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔