29 جنوری ، 2020
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے نیب کو کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ( کے ایم سی) کے ڈائریکٹر مسعود عالم کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ڈائریکٹر مسعود عالم کی قومی احتساب بیورو(نیب) انکوائری میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسعود عالم کیخلاف کے ایم سی میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی شکایات ہیں، انکوائری کی منظوری کے لیے معاملہ ہیڈ کوارٹر ارسال کردیا گیا ہے۔
نیب حکام نے عدالت سے مزید کہا کہ مسعود عالم بہت بڑے مافیا کا فرنٹ مین ہے۔
اس موقع پر مسعود عالم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مسعود عالم ملک سے باہر جارہے تھے لیکن امیگریشن حکام نے ائیرپورٹ پر روک لیا تھا۔
عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ ملک سے باہر کیا کرنے جارہے تھے؟ اس پر وکیل نے بتایا کہ مسعود عالم کی فیملی 25 سال سے بیرون ملک مقیم ہے۔
اس پر عدالت نے کہا کہ اچھا تو یہ ننھی سی جان یہاں رہ گئی ہے، یہ کراچی سے پیسہ کما کروہاں بھیجتے ہوں گے۔
وکیل نے مزید بتایا کہ مسعود عالم نے دو شادیاں کررکھی ہیں، وہاں دو تین سال میں جاتے ہیں مگر خدشہ ہے نیب مسعود عالم کو گرفتار کرلے گا۔
بعدازاں دلائل سننے کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے ڈی جی نیب سے مسعود عالم سے متعلق انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے نیب کو 26 فروری تک گرفتاری سے روک دیا۔