پاکستان
Time 03 فروری ، 2020

وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے۔

کوالالمپور ائیرپورٹ پر ملائیشیا کے وزیردفاع محمد صابو اور اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ 

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی، وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم اپنے ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔

وزیراعظم اپنی مختلف ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے بارے میں اپنا وژن پیش کریں گے اور علاقائی اور بین الاقوامی امن وسلامتی کے حوالے سے پاکستان کا مثبت کردار اجاگر کریں گے۔

عمران خان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال بھی اجاگر کریں گے اور بھارت کے جارحانہ رویے کی وجہ سے علاقائی امن وسلامتی کو درپیش خطرات کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کا یہ ملائیشیا کا دوسرا دورہ ہے۔ 

وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین ہم منصب کی طرف سے گزشتہ سال 18 تا 21 دسمبر کوالالمپور سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت ڈاکٹر مہاتیر محمد کے خصوصی ایلچی اور ملائشیا کے ڈپٹی وزیر خارجہ مرزوکی بن جاجی یحییٰ نے نومبر میں دی تھی۔

تاہم وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دباؤ میں کانفرنس میں شرکت نہیں کی تھی اور مہاتیر محمد کو فون کرکے سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔

مزید خبریں :