پاکستان
08 فروری ، 2012

لاہور:ملبے سے47گھنٹے بعد نوجوان کو زندہ نکال لیا گیا

لاہور:ملبے سے47گھنٹے بعد نوجوان کو زندہ نکال لیا گیا

لاہور… لاہور ملتان روڈ کھاڑک اسٹاپ پر گرنے والی فیکٹری کے ملبے سے ایک شخص کو 47 گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا ہے۔ جب کہ اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جن کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ نکالے جانے والے شخص کا نام غلام عباس ہے اور اسے بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی غلام عباس کے مطابق اس نے ملبے میں کچھ بچوں کی آوازیں سنی ہیں۔دوسری طرف فیکٹری کے ملبے سے ایک اور لاش برآمد ہو گئی ہے جس سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ پیر کی صبح کھاڑک اسٹاپ کے قریب ادویہ سازفیکٹری میں بوائلرپھٹنے سے یہ حادثہ پیش آیا تھا،دھماکے سے فیکٹری کی 3منزلہ عمارت کے علاوہ3ملحقہ گھروں کی چھتیں بھی گر گئی تھیں۔ ریسکیو ٹیمیں،سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کیاہلکار تقریبا 45 گھنٹوں سے امدادی کاموں میں مصروف ہیں،تاہم تنگ گلیوں اور جدید آلات نہ ہونے کے باعث کام سست روی کا شکار ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق صبح 4 بجے ملبے سے ایک خاتون کی مزید لاش برآمد ہوئی ہے جس کا نام 55 سالہ سفینہ بی بی بتایاگیا ہے جس سے مرنیوالوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے ریسکیو زرائع کے مطابق ابھی بھی 6 سے 8 افراد کا ملبے تلے دبے ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :