25 اگست ، 2012
اسلام آباد… صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیا گیا ایوان صدر کے ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے بریفنگ دی اور وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی سے متعلق شرکاء کو مختلف آپشنز سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں وزیرپانی و بجلی احمد مختار نے توانائی اور وزیر داخلہ رحمان ملک نے امن وامان کے صورت حال بارے بریفنگ دی۔۔اجلاس میں اقلیتوں بالخصوص ہندووں کے ساتھ امتیازی سلوک سے متعلق رپورٹس پر بھی غور کیا گیا۔۔صدارتی ترجمان کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورت حال سے نمٹنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا گیا ۔ صدر کے ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور پانی و بجلی کے وزیر چوہدری احمد مختار نے اجلاس کو توانائی کی صورتحال اور ملک میں بجلی کی کمی پر قابو پانے کے لئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات بارے بریف کیا۔ وزیر داخلہ سینیٹر اے رحمن ملک نے اجلاس کو ملک میں امن و امان کی صورتحال اور عید کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے مختلف اقدامات بارے بریف کیا۔آب و ہوا کی تبدیلیوں بارے وزیر رانا محمد فاروق سعید خان نے اجلاس کے شرکاء کو ملک میں سیلابوں کی صورتحال بارے بتایا۔ ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں ہندوؤں کو درپیش مسائل اور اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک کے حوالے سے واقعات کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کسی کو بھی اقلیتوں سے امتیازی سلوک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ صدر نے ملک کے شمالی علاقوں اور دیگر حصوں میں انسانی جانوں کے حالیہ ضیاع پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیلابوں سے نمٹنے کی تیاریاں تیز کرنے اور سیلابوں کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلابوں کی پیشن گوئیوں کے پیش نظر اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکام رابطہ میں رہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو بارشوں سے متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی اور پیشگی احتیاطی اقدامات کے لئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی‘ مخدوم امین فہیم‘ نذر محمد گوندل‘ رانا محمد فاروق سعید خان‘ قمر زمان کائرہ‘ سینیٹر اے رحمن ملک‘ میاں منظور احمد وٹو‘ سینیٹر فاروق ایچ نائیک‘ مخدوم شہاب الدین‘ چوہدری احمد مختار‘ سینیٹر سردار علی خان‘ ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر‘ ارکان قومی اسمبلی رخسانہ بنگش اور فوزیہ حبیب شامل تھیں۔