کھیل
Time 16 فروری ، 2020

‏پاکستان شاہینز نے ایم سی سی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

‏پاکستان شاہینز نے میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو ایک روزہ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

‏پاکستان شاہینز اور ایم سی سی کے درمیان میچ ایچی سن کالج کے گراؤنڈ پر کھیلا گیا جہاں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

ایم سی سی نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے، راس ویٹلے نے 51 اور ول روڈز نے 27 رنز بنائے جبکہ رولوف مروو نے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان شاہینز کے احسان عادل نے 10 اوورز میں 34 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی  آدھی ٹیم 114 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی تاہم چھٹی وکٹ پر حسن محسن اور عمران رفیق کے درمیان 91 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ نے میزبان ٹیم کو 5 وکٹوں سے کامیابی دلائی۔

پاکستان شاہینز نے مطلوبہ ہدف 45 اوورز میں حاصل کیا، عمران رفیق نے 66 اور حسن محسن نے 49 رنز بنائے۔ احسان عادل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایم سی سی ٹیم 17 فروری کو ناردرن کے خلاف ایچی سن کالج میں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

خیال رہے کہ  گزشتہ دنوں ایم سی سی الیون نے دورہ پاکستان کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :