25 فروری ، 2020
پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ نئے الیکشن اور ان ہاؤس تبدیلی کا مطالبہ آئینی ہے، حکومت مزید چلی تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے لیے دعا گو ہیں، وہ علاج کے لیے برطانیہ گئے ہیں، انہیں علاج کی سہولت ملنی چاہیے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے خود چیک کرایا کہ نواز شریف کی طبیعت خراب ہے اور خود ان کے ڈاکٹرز نے نواز شریف کی طبیعت کو خراب قرار دیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اپنے اتحادی ان سے تنگ ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں دراڑیں پڑچکی ہیں، نئے الیکشن اور ان ہاؤس تبدیلی کا مطالبہ آئینی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال سنجیدہ ہے جب کہ خارجہ محاذ پر بھی حکومت بہت کمزور ہے، حکومت مزید چلی تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عوام کے پیٹ کاٹ کر عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) سے معاہدے نہیں کرنے چاہئیں، عمران خان نے جتنے وعدے کیے ان پر وہ یو ٹرن لے چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا صرف پاکستان کے عوام سے اتحاد ہے، ہم تو چاہتے ہیں کہ ضمانتیں ہوں۔