01 مارچ ، 2020
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے کے مختلف اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 41 مشتبہ مریضوں میں سے 35 کو کلیئر قرار دیتے ہوئے ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں سے سامنے آنے والے 6 مشتبہ مریض زیر نگرانی ہیں جب کہ اب تک کسی مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان نے کہا ہے کہ صوبےکے 3 بڑے اسپتالوں کو صرف کورونا وائرس کے مشتبہ یا متاثرہ مریضوں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کو بذریعہ ویڈیولنک بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں بڑے اسپتالوں میں ایک ہزار بستروں کا انتظام مکمل کرلیا گیا ہے اور عوام کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔
اعظم سلیمان نے بتایا کہ ہوائی جہاز اور سڑک کے راستے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ بھی جاری ہے۔
چیف سیکرٹری نے ڈاکٹر ظفر مرزاکو ایران سے پنجاب آنے والے زائرین کا ڈیٹا فراہم کرنے کے ساتھ ضروری حفاظتی آلات کی خریداری کے لیے بھی وفاقی حکومت سے مددکی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ چین سمیت دنیا بھر میں 87 ہزار 701 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جب کہ مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 995 ہوچکی ہے جن میں سے چین کے 2 ہزار 870 اور ایران کے 54 افراد شامل ہیں۔