02 مارچ ، 2020
کراچی: کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر حکومت کی جانب سے آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تمام اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی۔
حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پہلے 27 اور 28 فروری کو اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا، بعدازاں یکم مارچ تک اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید دو کیسز سامنے آنے کے بعد گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسکولوں کو 13 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات کے باوجود آج کئی علاقوں میں اسکول کھولے گئے۔
ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کی ہدایت پر مختلف اسکولوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور ڈائریکٹریٹ کی انسپکشن ٹیم نے شہر کے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا۔
ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لانڈھی، لیاری، کورنگی، گلشن حدید اور دیگر علاقوں میں کھلنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج کھلنے والے تمام اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی ہے۔
ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے آج کھلنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کو سفارش بھی کی ہے۔
ان تمام اداروں کے سربراہان کو ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے آج طلب بھی کیا ہے۔