07 مارچ ، 2020
الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کے حلقوں میں انتخابی بےضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکشن کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین بدر ملک ہوں گے۔
کمیٹی کے دیگر ارکان میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے غزالی زاہد ،علی اصغر سیال اور پرویز احمد کلہوڑو شامل ہیں۔
کمیٹی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 200 لاڑکانہ اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 10 اور پی ایس 11 لاڑکانہ میں الیکشن قواعد کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے گی۔
خیال رہے کہ عام انتخابات 2018 میں این اے 200 پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری کامیاب ہوئے تھے جب کہ پی ایس 10 سے آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کامیاب ہوئی تھیں۔
پی ایس 11 سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) کے معظم علی خان ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے۔