09 مارچ ، 2020
کراچی ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کی تیاریاں مکمل ہیں اور تمام اسکولوں کو ایڈمٹ کارڈز جاری کردیے گئے ہیں۔
میٹرک بورڈ حکام کے مطابق امتحانات کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور امتحانی مواد کی تقسیم کاکام کل سے شروع ہوجائے گا۔
تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کے طالب علموں کو ایڈمٹ کارڈز جاری کردیے گئے ہیں جب کہ ایڈمٹ کارڈز سے محروم طلبہ بورڈ آفس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
بورڈ کے مطابق ساڑھے 8 ہزار طلبہ نے آن لائن امتحانی فارم جمع کرائے تھے، طلبہ کے لیے 375 سے زائد امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں اور ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے صوبے بھر میں تمام تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند ہیں جب کہ 16 مارچ پیر سے تمام تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔
دو روز قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے طلبہ کو میٹرک کے ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کے لیے اسکولز 9 مارچ سے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
سعید غنی کی زیر صدارت تعلیمی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ صوبے بھر کے وہ اسکول اپنے دفاتر کھول سکتے ہیں جہاں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات ہونے ہیں یا جن اسکولوں نے بچوں کو ایڈمٹ کارڈز تقسیم کرنے ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 16 مارچ سے شروع ہوں گے۔