10 مارچ ، 2020
وزارت توانائی اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے اختلافات کابینہ تک پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت توانائی کو اپنی کاکردگی کےحوالے سےکابینہ اجلاس میں بریفنگ دینے کا کہا ہے، جس کے بعد کابینہ چیئرمین نیپرا کا مؤقف بھی سنے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایک وفاقی وزیر اور وزیراعظم عمران خان کے 2 مشیروں نے وزیر توانائی اور چیئرمین نیپرا میں مبینہ اختلافات ختم کرانے کی کو شش بھی کی مگر کامیاب نہیں ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزارت توانائی اپنی کارکردگی کے حوالے سے اعداد و شمار پر قائم ہے۔
تاہم وفاقی کابینہ آج نیپرا کی جانب سے وزارت توانائی کی کارکردگی پر اٹھائے گئے سوالات کا جائزہ لے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیپرا حکام کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ وزارت توانائی کا لائن لاسز اور گردشی قرض کم کرنے کا دعویٰ درست نہیں ہے، وزارت کا گردشی قرضہ بڑھ کر 1926 ارب روپے ہو گیا ہے۔