27 اگست ، 2012
اسلام آباد… وزیراعظم راجہ پرویز اشرف این آر او عملدرآمد کیس میں آج سپریم کورٹ میں پیش ہونگے۔ اس بات کا فیصلہ صدر اور وزیراعظم کی زیرصدارت اتوار کی شب اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعظم کیساتھ وفاقی وزراء اور اتحادی جماعتوں رہنما بھی سپریم کورٹ جائینگے۔صدر زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئین اور قانون پر عملدرآمد کیا جائیگا۔ ادھر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے عدالت عظمیٰ میں این آر او عملدر آمد کیس میں پیشی کے حوالے سے مختلف آپشنز پر حکومتی ٹیم سے مشاورت مکمل کر لی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے ایک رہنما نے بتایا کہ پارٹی وزیرِ اعظم کو سپریم کورٹ میں طلب کرکے بازپرس کرنے کے سپریم کورٹ کے عمل کو چیلنج کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سپریم کورٹ میں پیشی کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے احاطے اور ارد گرد فورسز کی اضافی نفری تعینات کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر قانون نے مقدمات سے نمٹنے کے لئے دستیاب آپشنز پر بریفنگ دی جبکہ ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم‘ اے این پی اور مسلم لیگ (ق) نے حکومت کو اداروں کے ساتھ ٹکراؤ سے گریز کی پالیسی اپنانے اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔ اتحادی جماعتوں نے کہا کہ حکومت اداروں میں ٹکراؤ کا تاثر پیدا نہ ہونے دے اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو برقرار رکھنے میں اتحادی جماعتیں حکومت کی مکمل معاونت کریں گی۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس میں وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو سوئس کیس اور وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں طلبی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور صدر آصف علی زرداری کا مؤقف تھا کہ حکومت مسلسل تصادم سے گریز کی پالیسی پر عمل کرتی آئی ہے اور پارٹی کو اپنے وزیراعظم کی قربانی بھی دینا پڑی۔ دونوں رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ آئین اور قانون پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی، ایم کیو ایم کے فاروق ستار، بابر غوری، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی، فاٹا پارلیمانی گروپ کے حمید اللہ جان آفریدی، افراسیاب خٹک، محترمہ کلثوم پروین، وزیر داخلہ رحمن ملک، خورشید شاہ اور غلام امین فہیم بھی شریک تھے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں این آر او عملدرآمد کیس کی اہم سماعت آج ہو گی۔ عدالت عظمیٰ نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو بھی طلب کر رکھا ہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان ، جسٹس اعجاز احمد چوہدری ، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس محمد اطہر سعید پر مشتمل عدالت عظمیٰ کا پانچ رکنی بینچ مقدمہ کی سماعت کریگا۔