Time 14 مارچ ، 2020
پاکستان

شاہ محمود نے جنوبی پنجاب صوبے کیلئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی

مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت کریں: وزیرخارجہ— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا لیکن صوبہ بنانے کے لیے دو تہائی اکثریت چاہیے جو ہمارے پاس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت کریں کیوں کہ ان کے بغیر یہ کام نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس دو تہائی اکثریت تھی لیکن ان کی ترجیحات میں جنوبی پنجاب صوبہ نہیں تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی تھی جس میں سیاسی امور اور جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ جنوبی پنجاب کا وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ بہاولپور میں قائم کیا جائے گا۔

اسی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ اور ملتان سے منتخب رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا بل جلد اسمبلی میں پیش ہوگا اور تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد بل کی منظوری کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں :