27 جنوری ، 2025
شمالی غزہ میں لوٹنے والے فلسطینیوں کی گاڑیوں کی نتساریم کوریڈور پر ایکس رے کے ذریعے تلاشی جاری ہے۔
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت شمالی غزہ لوٹنے والے فلسطینیوں کی گاڑیوں کو صرف شاہراہ صلاح الدین کے ذریعے جانے کی اجازت تھی۔
شاہراہ صلاح الدین پر نتساریم کوریڈور پر ایک بڑا برقی دروازہ نصب ہے جہاں ایکس رے کے ذریعے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر اور قطر کے اہلکاروں پر مشتمل کمیٹی اس گزرگاہ کا انتظام سنبھالے ہوئے ہے جبکہ امریکی اہلکار بھی یہاں موجود ہیں۔
گزشتہ دنوں عرب میڈیا کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ 2 پرائیویٹ امریکی کمپنیاں غزہ میں اپنے اہلکار تعینات کریں گی جو شمالی غزہ میں فلسطینیوں کی واپسی کی نگرانی کریں گے۔
خیال رہےکہ غزہ میں 15 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران اپنے گھروں سے بے دخل کیے گئے فلسطینی آج اپنے علاقوں کو لوٹناشروع ہوگئے ہیں جو فلسطینی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
1948 میں اسرائیل کے قیام کے لیے فلسطینیوں کو بڑے پیمانے پر ان کے علاقوں سے بے دخل کیا گیا تھا، فلسطینیوں کی اس بےدخلی کو ’نکبہ‘ کہا جاتا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق نکبہ کے بعد آج پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ بے دخل کیے گئے فلسطینی اپنے علاقوں کو واپس لوٹے ہیں۔
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج نتساریم راہداری سے پیچھے ہٹ گئی ہے جس کے بعد جبری بے دخل کیے گئےلاکھوں فلسطینی شمالی غزہ واپس لوٹنا شروع ہوگئے۔