خیبر پختونخوا میں کورونا سے ایک اور شخص ہلاک، صوبے میں کل تعداد 5 ہوگئی

صوبے میں 8 نئے کیسز کی تصدیق کی ہےجس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے، فوٹو:فائل

ایبٹ آباد کے مقامی اسپتال میں داخل کورونا کا مریض انتقال کرگیا جس کے بعد خیبر پختوانخوا میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد5  جب کہ  متاثرہ افراد کی تعداد 188 ہوگئی ہے۔

کمشنر ہزارہ سید ظہیرالاسلام نے بھی ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو روز قبل ایبٹ آباد کے مقامی اسپتال میں داخل ہونے والے سردار الیاس خان انتقال کر گئے ہیں۔

سید ظہر الاسلام نے بتایا کہ سردار الیاس خان ایک ہفتہ قبل تبلیغی جماعت کےساتھ تھے، تبلیغی جماعت کے باقی 10 افراد کو مقامی ہوٹل میں قائم قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے سردار الیاس خان کے بھتیجے خالد سلیم کا کہنا ہے کہ دو دن سے گھروں میں ہیں لیکن انتظامیہ نےکورونا ٹیسٹ نہیں کرایا۔

ایبٹ آباد میں ہونے والی ہلاکت کے بعد کے پی میں اب تک کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی ہے جب کہ 2 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے صوبے میں 8 نئے کیسز کی تصدیق کی ہےجس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی  ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 1542 تک جاپہنچی ہے۔

مزید خبریں :