’وزیراعظم فردوس عاشق کو 15 دن کیلئے قرنطینہ بھیج دیں تو کوئی فساد نہیں ہوگا‘

کچھ لوگ ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ایک خاتون ٹی وی پر آکر خوامخواہ باتیں کرتی ہیں: وزیراعظم آزاد کشمیر— فوٹو:فائل 

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو 15 روز کیلئے قرنطینہ میں بھیجا جائے تاکہ ملک میں انتشار کی فضا نہ ہو۔

مظفر آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ اللہ کا فضل ہے آج ملک میں انتشار کی فضا نہیں ہے لیکن کچھ لوگ انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ایک خاتون ٹی وی پر آکر خوامخواہ باتیں کرتی ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فردوس عاشق اعوان کو 15 دن کیلئے قرنطینہ بھیجا جائے تاکہ ملک میں کوئی انتشار اور فساد نہ ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نکتہ چینی کرتی ہے مگر ہر بات کا جواب ضروری نہیں ہوتا اور اپوزیشن کی مثبت تنقید کو نکتہ چینی نہیں سمجھنا چاہیے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی اب تک کورونا وائرس کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جنہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بھی اپوزیشن اور حکومت کی سیاسی بیان بازیاں جاری ہیں۔

مہلک وائرس نے اب تک 19 کی جانیں نگل لی ہیں جن میں سے پنجاب میں 6، خیبرپختونخوا اور سندھ میں 5، 5 جبکہ گلگت بلتستان میں 2 اور ایک ہلاکت بلوچستان میں ہوئی ہے۔

مزید خبریں :