خود ساختہ تنہائی کے دوران ملالہ یوسف زئی نے اپنے بال کاٹ لیے

جوناتھن نے ملالہ کے ہیئر اسٹائل کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ 'تم نے تو کمال کردیا ہے— فوٹو:انسٹاگرام ، ملالہ آفیشل

امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی بھی کورونا سے بچاؤ کے لیے ان دنوں خودساختہ تنہائی (سیلف آئسولیشن) میں ہیں۔

آئسولیشن میں ملالہ خود کو مصروف رکھنے کی کوشش کررہی ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے اپنے بال خود کاٹ لیے اور بالوں کے نئے اسٹائل کے ساتھ اپنی تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کردی۔

ملالہ نے اپنی پوسٹ میں معروف امریکی اداکار اور ہالی وڈ کے ہیئر ڈریسر جوناتھن وین نیس کو بھی ٹیگ کیا۔


اپنی پوسٹ میں ملالہ نے میں لکھا کہ 'جوناتھن نے کہا تھا کہ  آئسولیشن کے دوران اپنا حلیہ تبدیل کرنے کا تجربہ مت کریں لیکن میں نے اپنے سامنے کے بال خود کاٹ لیے ہیں '۔

ملالہ نے جوناتھن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بال کیسے کاٹے ہیں؟ جس پر جوناتھن نے ملالہ کے ہیئر اسٹائل کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ 'تم نے تو کمال کردیا ہے'۔

ملالہ کے نئے ہیئر اسٹائل کو جوناتھن کے علاوہ دیگر لوگوں نے بھی پسند کیا ہے۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی خود پر ہونے والے حملے کے بعد علاج کی غرض سے برطانیہ منتقل ہوئی تھیں اور تب سے وہ اپنے خاندان کے ساتھ وہیں رہائش پذیر ہیں اور اب آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے ان دنوں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خود ساختہ تنہائی اختیار کی ہوئی ہے۔

گذشتہ ہفتے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ' وہ باہر جانے اور دوستوں سے ملنے کو بہت شدت سے یاد کررہی ہیں' ۔

ملالہ کا کہنا تھا ’مجھے معلوم ہے کہ بہت سے طلبہ اسکول جانا چاہتے ہیں لیکن گھر پر رہ کر بھی آپ پڑھ سکتے ہیں اور بہت سی مثبت سرگرمیاں کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :