پاکستان
Time 05 اپریل ، 2020

راشن کیلئے گورنر ہاؤس پنجاب کے باہر جمع ہونے والے افراد کو کچھ بھی نہ ملا

عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث دہاڑی دار طبقہ اور نادار افراد ضروری کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہو گئے ہیں۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں مستحقین کے لیے راشن اور امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے، پنجاب میں بھی آج  مستحقین کی بڑی تعداد راشن لینے کے لیے گورنر ہاؤس پنجاب کے باہر پہنچ گئی۔

صوبہ پنجاب کے گورنر ہاؤس کے باہر راشن لینے آنے والے مستحقین کا کہنا تھا ہمیں کہا گیا تھا کہ صبح 8 بجے گورنر ہاؤس سے راشن ملے گا جس کے لیے ہم صبح 6 بجے سے گورنر ہاؤس کے باہر موجود ہیں لیکن کسی کو راشن نہیں ملا۔

مستحقین کے مطابق گزشتہ روز قلعہ گوجر سنگھ میں ٹرک سے اعلان کیا گیا تھا کہ اتوار کو گورنر ہاؤس سے راشن ملے گا۔

شہریوں نے میڈیا سے گفتگو میں حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب ہمیں کہا جا رہا ہے  مقامی پولیس اسٹیشنز کے باہر راشن ملے گا، ان حالات میں بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے کہاں جائیں۔

مستحقین کی جانب سے گورنر ہاؤس سے راشن نہ ملنے پر گورنر ہاؤس کے سامنے مال روڈ پر بھی احتجاج کیا گیا۔

مزید خبریں :