28 اگست ، 2012
کراچی…امریکہ کے سابق اٹارنی جنرل رمزے کلارک اورٹیکساس یونیورسٹی کی اسکالر Laura Castro نے امریکہ میں قید پاکستانی عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ہمراہ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل خور شید بیگم سیکریٹریٹ میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کی، اور پاکستان کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس مو قع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر صغیر احمد ، حق پرست مشیر خواجہ اظہار الحسن ، متحدہ لائرز فورم کے انچارج احمد ضمیر ایڈوکیٹ و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ سابق امریکی اٹارنی جنرل نے گفتگو کر تے ہوئے امریکی عدالت کی جانب سے عافیہ صدیقی کی سزا پر تشویش کااظہارکیا اور کہاکہ وہ خود عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے پاکستان اور امریکہ میں آواز بلند کریں گے۔اس مو قع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے اظہارہمدردی کر تے ہوئے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم پہلے بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں نہ صرف ہر سطح پر آوازبلند کر تی رہی ہے بلکہ احتجاج بھی ریکارڈ کرا تی رہی ہے اورہم صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے اس معاملے پر ایک بار پھر بھر پور تعاون کی اپیل کریں گے ۔