28 اگست ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقوں مارٹن روڈ اور ایم پی آر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے، ذرائع کے مطابق دونوں کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے، فائرنگ کے واقعے کے بعد مارٹن روڈ کے علاقے میں مشتعل افراد نے بس کو آگ لگادی ۔ پولیس کے مطابق مارٹن روڈپر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سیاسی جماعت کے کارکن کو قتل کردیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد مارٹن روڈ پر مشتعل افراد نے ایک بس کو آگ لگادی ہے جبکہ علاقے کی تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہوگئے ہیں ، فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ترجمان اے این پی کا کہنا ہے کہ ایم پی آر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی عہدیدار امان اللہ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ سینیٹر شاہی سید نے اے این پی کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پر امن رہیں جبکہ پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ امان اللہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوراً گرفتار کیا جائے۔