29 اگست ، 2012
پشاور … صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے حکومت پاکستان کی جانب سے ملنے والا ہلال امتیاز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہونے والے شہیدوں کے نام کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پشاور میں ایک تقریب سے خطاب میں میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ میں انہوں نے اپنے اکلوتے بیٹے کی قربانی دی لیکن اس سے زیادہ اہم وہ قربانیاں ہیں جو ان کی پارٹی کے ورکروں، سیکیورٹی فورسز کے افسروں،جوانوں اور خیبر پختونخوا کے عوام نے دیں۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان کی جانب سے ہلال امتیاز ملنے پر خوش ہیں لیکن چاہتے ہیں کہ ہلال امتیاز جلد ہی عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت کے حوالے کردیں جو پارٹی دفتر میں رکھا جائے۔ میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ان کی جدوجہد آخری دم تک جاری رہے گی۔