29 اگست ، 2012
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 4 افراد کو قتل کردیا گیا، جبکہ ایک خاتون کی لاش بھی ملی۔ پولیس کے مطابق ماڈل کالونی کے علاقے معین آباد میں فائرنگ سے سیاسی جماعت سے وابستہ ایک شخص جاں بحق ہوا، مقتول کی شناخت خالد کے نام سے ہوئی ہے، سیاسی جماعت کے کارکن کی ہلاکت کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں اور کاروباری مراکز بند کروادئیے، ماڈل کالونی کے علاقے میں ہی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا عمیر نامی شخص بھی دوران علاج چل بسا۔ اورنگی ٹاوٴن کے علاقے شاہ فیصل محلے سے ایک خاتون کی لاش ملی ہے، 2 روز قبل مارٹن کوارٹرز میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان ثاقب دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر 5 جے میں نامعلوم افراد نے گھر کے باہر فائرنگ کر کے سٹی وارڈن کے اہلکار ناصر شوکت کو جاں بحق کر دیا۔