29 اگست ، 2012
رحیم یار خان…رحیم یارخان میں ناجائز تعلقات کے شبے میں شوہر نے کلہاڑیوں کے وار کر کے نوجوان بیوی کی ٹانگ کاٹ دی۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ شیدانی کے علاقے بستی جھوک گلاب شاہ میں پیش آیا۔ ثمینہ بی بی کی ایک سال قبل اپنے کزن فدا حسین سے والدین نے زبردستی شادی کر دی تھی۔ ایس پی انویسٹی گیشن رحیم یارخان شیراز نذیر کے دفتر کے باہر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ثمینہ بی بی نے بتایا کہ شادی کے چار ماہ بعد ہی ان کے گھر میں تکرار شروع ہو گئی، اس کا شوہر بات بات پر اسے مارپیٹ کرتا تھا، واقعے والے روز اس کے شوہر نے اسے برا بھلا کہا اس پر اس نے بھی آگے سے جواب دے دیا جس پر وہ مشتعل ہو گیا اور مارنے کے لیے دوڑا۔ ثمینہ بی بی کے مطابق اس نے بھاگ کر جان بچانے کی کوشش کی لیکن فدا حسین کے بھائی مشتاق اور کزن یاسین نے اس کے ہاتھ اور ٹانگیں پکڑکر نیچے لٹا دیا اور فداحسین نے کلہاڑی کے وار کر کے اس کی دائیں ٹانگ کاٹ دی جس کے بعد وہ بے ہوش ہو گئی۔ اسے ہوش آیا تو وہ اسپتال میں تھی، ایک ماہ تک شوہر میں گھر میں محبوس رکھا۔ ثمینہ بی بی کے مطابق اس کے والدین بھی اب اس کا ساتھ نہیں دے رہے۔شوہر نے اسے گھر سے بھی نکال دیا ہے اور اب و ہ نانا کے گھر رہائش پذیر ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیاہے تاہم اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔