پاکستان
29 اگست ، 2012

گورنر سندھ کی سندھ میڈیکل یونیورسٹی کیلئے پانچ کروڑ کی خصوصی گرانٹ

گورنر سندھ کی سندھ میڈیکل یونیورسٹی کیلئے پانچ کروڑ کی خصوصی گرانٹ

کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے نئی قائم کردہ سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے بنیادی اور ابتدائی کاموں کی تکمیل کے لئے پانچ کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس میں سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا نام جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی رکھنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے یہ بات گورنر ہاوٴس میں اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد، سیکریٹری قانون غلام نبی شاہ، سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طار ق رفع سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا کہ ڈاوٴ میڈیکل یونیورسٹی کے بجٹ میں کوئی کٹوتی کئے بغیر سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے دونوں یونیورسٹیزکے درمیان معاملات کو حتمی صورت دینے کے لئے ٹرانزیشن افسر کی تعیناتی کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا نام جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی رکھنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، جس کے لئے مناسب قانون سازی کی جائیگی جبکہ ڈاکٹرعشرت العبادخان انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ کو ڈاوٴ میڈیکل یونیورسٹی کے تحت ہی قائم رکھتے ہوئے نئی جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلا س میں جناح ہسپتال کو سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا حصہ بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ قومی ادارہ برائے صحت اطفال اور قومی ادارہ برائے قلب سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے الحاق شدہ ادارے ہوں گے۔

مزید خبریں :