30 اگست ، 2012
تہران …ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا لیکن ہم جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ غیر وابستہ ممالک کے سربراہ اجلاس سے افتتاحی خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ کچھ مغربی ملک جوہری توانائی پر اجارہ داری رکھنا چاہتے ہیں ،مشرق وسطیٰ کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں فوری طور پر ایٹمی ہتھیاروں میں کمی ہونی چاہئے اور دنیا کا کنٹرول کسی ڈکٹیٹر کے ہاتھ میں نہیں ہونا چاہئے۔ ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ تہران کانفرنس غیر وابستہ ممالک میں تعاون بڑھانے میں مدد گار ہوگی،تما م ملکوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام پر ہونے چاہئیں۔دو روزہ ’نام‘ سربراہ اجلاس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری سمیت 120 ممالک کے سربراہ مملکت اور سینئر حکام شرکت کررہے ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ مصری صدر محمد مرسی بھی اجلاس سے خطاب کریں گے جو غیر وابستہ ممالک کی تنظیم ”نام“ کی صدارت ایران کے حوالے کریں گے۔