30 اگست ، 2012
اسلام آباد … ڈاکٹر ارسلان کیس میں ملک ریاض نے سپریم کورٹ کی طرف سے تحقیقات کیلئے بنائے گئے شعیب سڈل پر مشتمل کمیشن کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ملک ریاض کے وکیل سید زاہد حسین بخاری نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان متعدد بار شعیب سڈل کی تعریف کرچکے ہیں، لہٰذا ان کے موٴکل ملک ریاض کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے قائم کردہ کمیشن کو نہ تو وہ تسلیم کرتے ہیں اور نہ ہی اس سے انصاف کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ارسلان شروع سے ہی تفتیش سے بھاگ رہے تھے، وہ اپنی مرضی کے افسرسے تحقیقات کرانا چاہتے تھے، جس میں وہ کامیاب ہو گئے۔ زاہد بخاری نے کہاکہ سپریم کورٹ کو کمیشن تشکیل دیتے وقت تمام فریقین سے مشاورت اور ان کی رائے لینا چاہئے تھی، اس عدالتی حکم کے خلاف وہ قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔