30 اگست ، 2012
اسلام آباد … سپریم کورٹ نے ملک ریاض حسین کے خلاف 1400 ایکڑ اراضی سے متعلق پنجاب کے محکمہ اینٹی کرپشن کی طرف سے جاری تحقیقات کو روکتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کو تحقیقاتی ادارے کے تعین سے متعلق زیر التواء کیس 15 ستمبر تک نمٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اعجاز چوہدری پر مشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے اینٹی کرپشن کی تحقیقات کے خلاف ملک ریاض کی درخواست کے مقدمہ کی سماعت کی۔ ملک ریاض کے وکیل اعتزاز احسن نے دلائل مکمل کئے تو عدالت نے اینٹی کرپشن کی تحقیقات کو روکنے اور ملک ریاض کو 15 ستمبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا، اس کیس کی تحقیقات اینٹی کرپشن محکمہ کی بجائے نیب سے کرائے جانے کا ایک مقدمہ لاہور ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔ سپریم کورٹ نے عدالت عالیہ کو ہدایت کی کہ وہ بھی آئندہ 2 ہفتوں میں تحقیقاتی ادارے کے تعین کا فیصلہ کرے، بعد میں ملک ریاض کی درخواست کو نمٹادیا گیا۔