Time 27 اپریل ، 2020
پاکستان

لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات، کراچی میں ہرن اپنی قدرتی آماجگاہ سے باہر نکل آئے

لاک ڈاؤن کے باعث انسانوں کی سرگرمیاں محدود ہونے سے جانوروں کو فطری آزادی میسر  آنے لگی۔

لاک ڈاؤن کے باعث محدود ہونے والی انسانی سرگرمیوں نے آب و ہوا، قدرتی ماحول اور جنگلی حیات پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

ہوا میں آلودگی کم ہوگئی اور حد نگاہ بڑھ گئی ہے اور تو اور انسانی نقل و حرکت کم ہوئی تو جنگلی حیات کے بھی مزے آگئے۔

تین دن پہلے یہ مزہ چنکارہ ہرنوں نے بھی لیا جو اپنے قدرتی مسکن حب ڈیم وائلڈ لائف سینکچوری(پناہ گاہ) سے باہر گھومنے نکل آئے، کچھ دیر ادھر گھومے اور پھر واپس چلے گئے۔

کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ جاوید مہر کے مطابق چنکارا ہرن فطرتاً شرمیلے اور ڈرپوک ہوتے ہیں اور بہت ہی کم اپنے قدرتی مسکن سے باہر آتے ہیں۔

کیر تھر نیشنل پارک میں بھی چنکارا ہرنوں کی بڑی آبادی موجود ہے، بھیڑیوں کے علاوہ دیگر جنگلی حیات کو بھی نادرن بائی پاس کے قریب دیکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن 9 مئی تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب صوبہ سندھ میں مہلک وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 85 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 4956 ہے۔

مزید خبریں :