30 اگست ، 2012
اسلام آباد…وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ مہنگائی کا 95 فی صد کنٹرول ان کی ذمہ داری نہیں بلکہ صوبوں کا دائرہ کار ہے۔وفاق نے گزشتہ سال 22 فی صد ٹیکس زیادہ جمع کیا کوئی پنجاب سے پوچھے کہ وہاں ٹیکس جمع کرنے میں کمی کیوں ہوئی۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے بات چیت میں ان کا کہنا تھاکہ مہنگائی کا صرف 5 فی صد حصہ ان کی ذمہ داری ہے اور 95 فی صد معیشت اور مہنگائی کے معاملے صوبوں کے پاس ہیں۔ ملک میں ایک نہیں بلکہ پانچ حکومتیں ہیں، خسارے اور مہنگائی کی مکمل ذمہ داری وفاق پر عائد کرنا منصفانہ نہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب کے پاس معیشت کا62 فیصد حصہ ہے اور ان سے پوچھا جائے کہ کتنا ٹیکس جمع کیا۔ وفاق نے گزشتہ سا ل 22 فی صد زیادہ ٹیکس جمع کیا اور افراط زر اور اقتصادی ترقی کو شامل کیا جائے تو معیشت میں ٹیکس کی آمدنی صفر اعشاریہ پانچ فیصد بڑھی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سال مہنگائی کی شرح 10 فی صد سے کم رہی۔