01 مئی ، 2020
سندھ پولیس کو وجود میں آئے 177 سال ہوگئے، انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس مشتاق مہر کے مطابق تاریخ کے اعتبار سے سندھ پولیس برصغیر کی سب سے پرانی پولیس فورس ہے، سندھ پولیس اس سے قبل بھی 1890 میں ایک خطرناک وبا کا دلیری سے مقابلہ کر چکی ہے جبکہ اب تک سندھ پولیس کے 70 سے زائد اہلکار فرائض کی انجام دہی میں کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
سندھ پولیس کا آج 177واں یوم تاسیس ہے، برصغیر کی تاریخ کی سب پرانی پولیس فورس یکم مئی کو وجود میں آئی تھی، سندھ پولیس کی بنیاد ایڈورڈ چارلس مارسٹن نے رکھی تھی، وہ سب سے پہلے پولیس کے سربراہ تھے جو 1843 سے 1872 تک عہدے پر تعینات رہے۔
سندھ پولیس کے اب تک 2300 سے زائد شہداء اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں، اب تک 70 سے زائد اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
سندھ پولیس کے 177ویں یوم تاسیس پر آئی جی سندھ مشتاق مہر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ پولیس کو برصغیر کی پہلی جدید پولیس فورس ہونے پر ماضی یاد دلانا چاہتا ہوں، ماضی میں دلیر اور نڈر اہلکار دہشتگردی اور وبا سمیت ہر چیلنج سے نمٹنے میں پیش پیش رہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جس دور سے گزر رہے ہیں اسکے تناظر میں 1890 کی دہائی کی وبا یاد آرہی ہے، اس وقت بھی سندھ پولیس قرنطینہ میں متاثرہ افراد کی مدد کے ساتھ جاں بحق افراد کی تدفین بھی کرتی رہی۔
آئی جی نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی اپنے فرائض جانفشانی، لگن اور مستعدی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔