31 اگست ، 2012
ابو ظہبی… پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ون ڈے آج شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں ہوگا۔ پاکستان دوسرا میچ جیت کر کم بیک جبکہ آسٹریلیا سیریز اپنے نام کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ کینگروز نے گرین شرٹس کو پہلے ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پہلے میچ میں کامیابی کے باوجود آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک پر پاکستانی اسپن اٹیک کا خوف طاری ہے اور انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بیٹسمین پاکستانی اسپنرز کو مزید اچھی طرح کھیل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے۔ سعید اجمل کی عمدہ بولنگ کا سامنا کرنے کیلئے بیٹسمینوں کو مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ ہمارا اصل مقصد سیریز جیتنا ہے، پاکستانی ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ سیریز میں کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستانی ٹیم سیریز میں واپسی کیلئے سرتوڑ کوشش کرے گی۔کلارک نے کہا کہ شیخ زید اسٹیڈیم کی وکٹ پر گیند زیادہ اسپن ہونے کا امکان ہے اس لئے گرین شرٹس کا اسپن اٹیک خطرناک ثابت ہوگا۔ جارج بیلی نے پہلے ون ڈے میں عمدہ اننگر کھیلی۔ انہوں نے آئی سی سی ٹیم آف دی ایئر کی قیادت کواعزاز قراردیا۔ جمعرات کو پاکستانی کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن میں خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔کوچ ڈیو واٹمور کے مطابق ابوظبی کے میچ میں بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ ادھر آسٹریلوی کھلاڑیوں نے سعید اجمل سے نمٹنے کے لیے وڈیوز کا سہارا لیا اور اجمل کیخلاف حکمت عملی بناتے رہے۔ شارجہ میں سعید اجمل نے ہسی برادرز اور میکس ویل کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔ نصف سنچری بنانے والے جارج بیلی نے اعتراف کیاکہ سعید اجمل کا کنٹرول غیر معمولی اور لائن و لینتھ بہترین ہے۔ انہیں کھیلنا آسان نہیں ہے۔ یاد رہے کہ یہ پاکستان کی ہوم سیریز ہے جو سیکورٹی مسائل کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جارہی ہے۔ 1975 سے اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 87 ون ڈے میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں کینگروز نے 53 اور گرین شرٹس نے 30 میں کامیابی حاصل کی، ایک میچ ٹائی اور تین بے نتیجہ رہے، اس سے قبل اپریل 2009 میں کھیلی گئی پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے 3-2 سے کامیابی حاصل کی۔ شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں آسٹریلیا نے دو اور پاکستان نے ایک میں کامیابی حاصل کی۔