31 اگست ، 2012
نیو یارک…سوئیزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ فرانس کے ففتھ سیڈ جوویلفر ائیڈتسونگا دوسرے راؤنڈ میں ہار کے ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ امریکا میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام میں کھیلے گئے دوسرے راؤنڈ میں راجر فیڈرر نے جرمنی کے بجورن فاؤ کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-2، 6-3اور 6-2سے ہرا کر میگا ایونٹ میں اپنی پیش رفت کو جاری رکھتے ہوئے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔ ایک اور میچ میں سلواکیہ کے مارٹن کلیذن نے فرانس کے جوویلفرائنڈ تسونگا کو 6-4، 1-6، 6-1اور 6-3سے اپ سیٹ شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ دوسرے راؤنڈ کے دیگر میچوں میں ٹامس برڈوچ نے استونیہ کے جرگن ذوپ ، جیمز بلیک نے سپین کے مارشل گرانولرز ، ثام قیوری نے سپین کے روبن رامیرز ، ہسپانوی نیکولس الماگرو نے جرمنی کے فلپ پیٹز چنر اور میر ڈی فیش نے روس کے نیکولے ڈیویڈنکو کو ہرا کر میگا ایونٹ کے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔