31 اگست ، 2012
لاہور…انسانی حقوق کے رہنما انصار برنی نے کہا ہے کہ امن کی آشا آج مکمل ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے ، جیو اور ٹائمز آف انڈیا کاامن کی آشا کیلئے کردار مثالی ہے۔ صومالی قزاقوں کی قیدسے رہاہونے والے2 بھارتی شہریوں کی بیگمات کی پاکستان آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انصار برنی نے کہا کہ عوام ہندوستانی اور پاکستانی کا فرق نہیں کرتے۔ انصار برنی نے کہا کہ وہ وقت جلد آئے گا جب سرحدوں پر خون کے بجائے پھول کھلیں گے۔ اس سے قبل بھارت سے پاکستان آنے والی خواتین نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے دل میں پاکستان کیلئے بہت پیار ہے، وہ پاکستان کے حکام اور عوام کے بہت مشکور ہیں جن کی کوششوں کی وجہ سے آج ا ن کے شوہران کے ساتھ ہیں، اور وہ پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرنے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو قریب لانے کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں اور وہ اس مقصد کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گے۔ اس موقع پر انصار برنی نے پاکستانی اور بھارتی شہریوں کی صومالی قزاقوں کی قید سے کیلئے کوششوں پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔