یکم جولائی سے کراچی کے 3 اسپتال وفاق کے حوالے ہوجائیں گے: خرم شیر زمان کا دعویٰ

 17 جنوری 2019 کو سپریم کورٹ نے کراچی کے جناح اسپتال، ادارہ برائے امراض قلب اور ادارہ امراض اطفال کو وفاق کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے— فوٹو:فائل 

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ یکم جولائی سے  جناح اسپتال، ادارہ برائے امراض قلب اور ادارہ امراض اطفال  وفاق کے حوالے ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ 17 جنوری 2019 کو سپریم کورٹ نے کراچی کے جناح اسپتال، ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور ادارہ امراض اطفال (این آئی سی ایچ) کو وفاق کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق کے ماتحت چلنے والے ان تینوں اسپتالوں کو صوبے کے حوالے کیا گیا تھا جس کے خلاف اسپتالوں کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وفاق نے کراچی کے 3 اسپتالوں کا انتظام چلانے سے معذرت کرلی تھی اور اسپتالوں کا انتظام واپس سندھ حکومت کو دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم اب کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اب سندھ کے اسپتالوں کو ٹھیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یکم جولائی سے تینوں اسپتال وفاق کے حوالے ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے جو خرچ کیے گئے ہیں، ان کا حساب لیا جائے گا جبکہ بلاول سندھ کے صحت کے نظام کے ناکارہ ہونے کا اعتراف کررہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم ہاتھ جوڑ رہے ہیں کہ بلاول آپ سندھ کی جان چھوڑیں، ہم سندھ کے لوگوں کو پی پی سے نجات دلائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خرم شیر زمان نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ کورونا کیسز کے اعداد و شمار بڑھا چڑھا کر پیش کیے جارہے ہیں۔

اس پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے خرم شیرزمان کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :