Time 12 مئی ، 2020
پاکستان

قومی ائیرلائن کا برطانیہ کیلئے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع

 پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے لیے 17 مئی تک 9 خصوصی پروازیں آپریٹ کی جائیں گی—فوٹو فائل

 قومی ائیرلائن (پی آئی اے) نے  برطانیہ کے لیے بھی خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ائیرلائن پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے لیے 11سے 17مئی تک 9 پروازیں آپریٹ کرے گی جس میں سے 7 اسلام آباد جب کہ 2  پروازیں  لاہور سے روانہ ہوں گی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ خصوصی پروازیں پاکستان سے لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے آپریٹ کی جائیں گی۔

پی آئی اے شیڈول کے مطابق پہلی پرواز 11مئی کو اسلام آباد سے لندن روانہ ہوگئی ہے جب کہ آج ایک اور خصوصی پرواز اسلام آباد سے مانچسٹر جائے گی۔

لاہور سے 13 مئی کو خصوصی پرواز لندن روانہ ہوگی جب کہ 14مئی کو اسلام آباد سے لندن اور مانچسٹر کے لیے دو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

15مئی کو لاہور سے مانچسٹر کے لیے  خصوصی پرواز اڑان بھرے گی جب کہ 16 مئی  کو اسلام آباد سے مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے دو خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔

 اس کے بعد 17 مئی کو آخری  پی آئی اے کی خصوصی پرواز اسلام آباد سے لندن  روانہ ہو گی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مختلف ممالک میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جن کی واپسی کے لیے حکومت کی جانب سے وقفے وقفے سے خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔

مزید خبریں :