Time 13 مئی ، 2020
پاکستان

حکومتی اتحادی ایم این اے نے این ایف سی میں جاوید جبار کی تقرری چیلنج کر دی

حکومتی اتحاد میں شامل ممبر قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) میں جاوید جبارکی بطور ممبر بلوچستان تقرری پر شدید احتجاج کیا ہے۔

ممبر قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے جاوید جبار کی تقرری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کو ایک کروڑ 30 لاکھ آبادی میں صوبے کی نمائندگی کے لیے کوئی فرد نہیں ملا؟

اسلم بھوتانی کا کہنا ہے کہ این ایف سی میں جاوید جبار کی نامزدگی بلوچستان کے عوام کی توہین ہے، کیا یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ بلوچستان میں کوئی این ایف سی کا ممبر بننے کا اہل نہیں ہے۔

انہوں نےسوال کیا کہ جاوید جبار کو بلوچستان کے معروضی حالات کا کیا علم ہے؟

صدر مملکت سے این ایف سی میں بلوچستان سے جاوید جبار کا نام واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسلم بھوتانی نے کہا کہ عدالت میں معروف قانون دان امان اللہ کنرانی میرے مقدمے کی پیروی کریں گے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز 10 ویں این ایف سی کی تشکیل  نو کی تھی جس کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی منظوری دیدی ہے۔

بطور وزیر خزانہ وزیراعظم عمران خان کمیشن کے سربراہ ہوں گے جب کہ وزیراعظم کی عدم موجودگی میں مشیر خزانہ کو کمیشن کی صدارت کا اختیار ہو گا۔

قومی مالیاتی کمیشن میں چاروں صوبوں کے وزیر خزانہ بھی بطور ممبر شامل ہوں گے جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے جاوید جبار کو بطور ممبر بلوچستان شامل کیا ہے۔

مزید خبریں :