31 اگست ، 2012
کراچی…ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن رضاہارون نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکومتی حکام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری وفرض شناشی سے اداکریں اور ایم کیو ایم کے کارکنان کے قتل کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کریں تاکہ اس وقت ملک میں جوانارکی فضاء قائم ہورہی ہے اس کو روکاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ پرامن جمہوری جماعت ہے جو پاکستان کی بقاء وسلامتی اورتمام مکاتب فکرکے درمیان اتحادویکجہتی کیلئے جدوجہدکرتی رہی ہے اورآئندہ بھی کرتی رہے گی،اتحادبین المسلمین اوراحترام انسانیت کیلئے قائد تحریک الطاف حسین کی جدوجہدکوجرم بنا دیا گیا ہے اوراس کی پاداش میں ایم کیوایم کے بے گناہ ومعصوم کارکنان کوبے دردی سے شہیدکیاجارہاہے۔انہوں نے عوام و کارکنان سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اوراپنے اتحادسے تمام سازشوں کوناکام بنادیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے صرف تین دن کے دوران ایم کیوایم کے چارکارکنان کوفائرنگ کرکے شہیدکردیاہے جبکہ رواں سال کے دوران 134سے زائدکارکنان کوشہیدکیاجاچکاہے تاہم شہرمیں چپے چپے پرپولیس ورینجرزاور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکاروں کی موجودگی کے باوجودکسی ایک دہشت گردوں کو تاحال گرفتارنہیں کیاجاسکے جواس بات واضح ثبوت ہے کہ یہ قانون نافذ کرنے والے جوگلیوں میں گشت توکرتے ہیں لیکن اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہے ہیں اورایسامحسوس ہوتاہے کہ سفاک دہشت گردوں کوروکنے والاکوئی نہیں بلکہ عوام وکارکنان کوان دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس شہرمیں جس پرپورے ملک کی معیشت کادارمدارہے دہشت گردوں کوقتل وغارت گری کیلئے کھلی چھوٹ دیناپاکستان کی سلامتی پر حملہ ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کے روزرابطہ کمیٹی کے ارکان سیدشعیب احمدبخاری،کنورخالدیونس،وسیم آفتاب،قاسم علی رضا،اشفاق منگی اورگلفرازخان خٹک کے ہمراہ خورشیدبیگم سیکریٹریٹ عزیزآبادمیں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔انھوں نے کہا کہ الطاف حسین اورایم کیوایم نے اپنی جدوجہدکے روزاول سے ہی فرقہ واریت کے خلاف نہ صرف صدائے احتجاج بلند کی بلکہ فرقہ وارانہ فسادات کے خاتمہ اور اتحاد بین المسلمین کیلئے عملی کردار بھی ادا کیا جس کی بدولت سندھ کے شہری علاقوں کی سطح تک فرقہ وارانہ فسادات کاخاتمہ ہوا، گزشتہ کچھ عرصہ سے پاکستان میں فرقہ واریت کی بنیاد پر اہل تشیع کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے معصوم و بے گناہ افراد کو بسوں سے اتارا تار کرانہیں باقاعدہ شناخت کرکے سفاکی کے گولیوں کا نشانہ بنایاجارہاہے اوراس طرح قرآن مجید اورنبی آخرالزماں حضرت محمدمصطفےٰﷺ کی تعلیمات اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات کی صریحاً نفی کی جارہی ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔جبکہ مذہبی اقلیتوں میں بھی بے چینی اورعدم تحفظ کی فضاء پیداکردی گئی ہے۔ایسی ہی صورتحال کے باعث ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے کئی خاندان بھارت جاچکے ہیں جبکہ اسلام آبادکے قریب مسیحی لڑکی رمشاء کی گرفتاری اورمسیحی برادری کوعلاقہ چھوڑنے پر مجبورکرنے جیسے افسوسناک واقعات سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج خراب ہورہاہے ۔ملک بھر کے عوام اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ ملک میں جہاں کہیں بھی ظلم ہو ا اور جس کسی کو بھی ظلم کا نشانہ بنایاگیا تو الطاف حسین نے اس ظلم کیخلاف کھل کر آواز بلند کی۔ لیکن وہ پاکستان دشمن عناصرجوفرقہ واریت کی بنیادپر قتل وغارتگری کابازارگرم کرکے پاکستان کوقتل کرنے کے درپے ہیں، انہیں فرقہ وارانہ قتل وغارتگری کے خلاف ایم کیوایم کی مثبت کوششیں ایک آنکھ نہیں بھائیں اور انھوں نے چن چن کر ایم کیو ایم کارکنوں کا قتل عام شروع کردیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں تین دن کے دوران چار کارکنان کو شہید کرڈالا اور متعد د کو شدید زخمی کردیا۔ایم کیوایم کے ان معصوم وبے گناہ کارکنوں اورعہدیداروں نے کسی کاکچھ نہیں بگاڑاتھا،ان کاقصورصرف یہ تھاکہ وہ قائدتحریک الطاف حسین کی اپیل پر شیعہ سنی منافرت کے خاتمہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے نیک مقصدکیلئے کوشاں تھے،ہم صدر آصف زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان سمیت تمام بے گناہ شہریوں کے سفاکانہ قتل کا سلسلہ بندکرایاجائے، قاتلوں کو گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے۔ہم شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ حق پرست شہداء کا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں دیگرسیاسی کارکنان کی ہلاکت پراتناہی افسوس ہے جنتاہمیں اپنے کارکن کی شہادت پرتاہم وہ جماعتیں اپنی ذمہ داری کومحسوس نہیں کررہی ۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے ایم کیوایم کاواضح موقف ہے جس سے ایم کیوایم ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹی ۔رکن رابطہ کمیٹی وسیم آفتاب نے کہاکہ عبدالقادرپٹیل پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدرہیں لہٰذاہماراانہیں مشورہ ہے کہ وہ کراچی ڈویژن کے صدرہی رہیں اور لینڈوڈرگ مافیااورجرائم پیشہ عناصر کے سرپرست نہ بنیں۔