01 ستمبر ، 2012
لاہور … لاہور کے علاقے ماڈل ٹاوٴن میں ایک شخص بجلی کی ہائی ٹینشن لائن کے کھمبے پر چڑھ گیا، انتظامیہ کھمبے پر چڑھے شخص کو اتارنے کی کوشش کررہی ہے۔ نمائندہ جیو نیوز احمد فراز کے مطابق ماڈل ٹاوٴن میں نواز شریف کے گھر کے باہر ایک شخص بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا، جسے اتارنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے لاوٴڈ اسپیکر اور فون کے ذریعے مذاکرات کئے جارہے ہیں۔ کھمبے پر چڑھنے والا شخص ماڈل ٹاوٴن سوسائٹی کا گارڈ ہے جس کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے جس کا ازالہ کیا جائے۔ کھمبے پر چڑھنے والے شخص کا کہنا ہے کہ بیٹے کی بیماری کے باعث 4 چھٹیاں کیں جس کی تنخواہ بھی کاٹ لی گئی اور سزا کے طور پر ڈھائی سال سے بطور گارڈ ڈیوٹی لی جارہی ہے۔ اس نے مزید کہا ہے کہ میری غلطی اتنی بڑی نہیں جتنی سزا دی جارہی ہے، اس نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ میرے مطالبات ماننے کی تحریری یقین دہانی کرائی جائے جس کے بعد کھمبے سے نیچے اتروں گا۔