پاکستان
09 فروری ، 2012

سندھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد پرپہنچ گیا

سندھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد پرپہنچ گیا

کراچی…ملک میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ سندھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد پر پہنچ گیا ہے جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔سندھ کے بیشتر علاقوں میں سائبیریا کی یخ بستہ ہواوٴں کی وجہ سے شام ہوتے ہی لوگ اپنے گھروں میں بند ہوجاتے ہیں،،بازاروں میں گاہک نہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔ٹندو جان محمد میں بدھ کو پہلی مرتبہ درجہ حرارت منفی 2 سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ دادو میں مسلسل دوسرے روز بھی درجہ حرارت منفی ایک سینٹی گریڈ رہا۔سکھر، لاڑکانہ ، مٹھی اور موہن جو دڑو میں درجہ حرارت صفر تک پہنچ گیا ہے۔ حیدرآباد، جیکب آباد اور نواب شاہ سمیت دیگر علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔شدید سردی کی وجہ سے بدین ، میرپورخاص ، دادو اور نواب شاہ سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں متاثرین سیلاب کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ نہروں اور سیم نالوں کے پشتوں پر ڈیرہ ڈالے بے یارومددگار متاثرین سیلاب کے پاس شدید سردی سے نمٹنے کے لیے نہ تو گرم کپڑے ہیں،نہ کمبل اور نہ لحاف۔پنجاب اور خیبرپختون خوا کے بیشتر علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔تمام علاقوں میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔

مزید خبریں :