دنیا
Time 05 جون ، 2020

سعودی عرب: کورونا سے پہلے ڈاکٹر کا انتقال، تعلق پاکستان سے تھا

فوٹو: بشکریہ عرب نیوز

ریاض: سعودی عرب میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پہلے ڈاکٹر انتقال کرگئے اور ان کا تعلق پاکستان سے تھا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی سرجن نعیم چوہدری سعودی عرب میں کورونا سے لڑنے والوں میں پہلے ڈاکٹر ہیں جو وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کرگئے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ جنرل سرجن ڈاکٹر نعیم چوہدری مکہ کے مقامی اسپتال میں فرائض انجام دے رہے تھے اور ان کا انتقال دو روز قبل مکہ میں ہوا۔

مکہ کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل حمزہ نے کہا کہ ڈاکٹر نعیم چوہدری کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے اور مکہ شہر نے انتہائی باصلاحیت سرجن کو کھو دیاہے۔

انہوں نے ڈاکٹر نعیم چوہدری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں میں ڈاکٹر نعیم نے انتہائی اہم کردار ادا کیا، وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جب کہ وہ صرف ہائی بلڈ پریشر کے مریض تھے۔

ڈاکٹر نعیم چوہدری کے سوگواران میں ایک بیوی اور تین بیٹیاں ہیں جو مکہ میں ہی مقیم ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جہاں کل کیسز کی تعداد 93 ہزار سے زائد ہے جب کہ 700 سے زائد افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :