09 جون ، 2020
فیصل آباد: استعمال شدہ تیل کو صاف کرنے والے کارخانے میں آگ لگنے سے 5 مزدور جھلس کر جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر ایوب بخاری کے مطابق سدھار کے علاقے میں استعمال شدہ تیل صاف کرنے والے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کارخانے کے بڑے حصے کو اپنی لیپٹ میں لے لیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے 5 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم آتشزدگی کے واقعے میں فیکٹری میں موجود 4 مزدور جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئےجب کہ ایک مزدور اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔
اس کے علاوہ 4 مزدور زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ایوب بخاری کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے آئل ریفائنری کی قانونی حیثیت پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔