18 جون ، 2020
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی تردید کی ہے۔
اپنے آڈیو بیان میں جہانگیر ترین نے کہا کہ نوازشریف سے ملاقات کی ہے نہ ہی کرناچاہتاہوں، میرے بارے میں ن لیگ کا میڈیا سیل جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے۔
جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ میں نے جدوجہد ہی ان کے خلاف کی ہے، عمران خان سے میرے اختلافات ہوگئے ہیں تو میں موقع پرست سیاستدان نہیں کہ ان کے ساتھ جاکر بیٹھ جاؤں۔
جہانگیرترین نے کہا کہ میں اصولی سیاستدان ہوں، پی ٹی آئی سے جان کے ساتھ چلاہوں، اگر وہاں کوئی مسائل ہوگئے ہیں تواس میں میری غلطی نہیں ہے، میں الگ سے بیٹھا ہوں جو اللہ کو منظور ہوگا وہ ہی ہوگا۔