21 جون ، 2020
پاکستان سپر لیگ کی متحرک ترین فرنچائز لاہور قلندرز نے ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ کی بحالی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کرکٹ کے فروغ کے لیے کافی اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی لیگز کی ٹاپ ٹیموں کے درمیان چیمپئنز لیگ کو ایک بار پھر کرایا جا سکتا ہے۔
ادھر انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیموں نے بھی چیمپئنز لیگ کی بحالی کی حمایت کی ہے۔
اسی طرح اب پاکستان سپر لیگ کی سب سے متحرک ٹیم لاہور قلندرز نے بھی اس آئیڈیا کی حمایت کر دی ہے۔
اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ کرکٹ کو اگر فٹبال کی طرح مشہور کھیل بنانا ہے تو فرنچائز کرکٹ کو فروغ دینا ہوگا اور اس ضمن میں چیمپئنز لیگ جیسا ٹورنامنٹ کافی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی ٹیموں کا بھی سامنا ہو سکتا ہے جو پاک بھارت انٹرنیشنل میچز کی طرح ہی ہائی وولٹیج میچ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز لیگ ٹائپ ٹورنامنٹ ڈومیسٹک سطح کے پلیئرز کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ جیسا ہی ایکسپوژر دے گا جس سے کھلاڑی کی صلاحیتوں میں بھی نکھار آئے گا۔
عاطف رانا نے تجویز دی کہ کرکٹ میں بھی فٹبال کی طرح کا ماڈل اپنایا جاسکتا ہے جس میں فرنچائز ٹیموں کے درمیان ریگولر مقابلے ہوں اور ملکوں کے درمیان دو طرفہ کرکٹ ٹیسٹ میچز اور ٹاپ لیول کے ٹورنامنٹس میں ہو جس سے انٹرنیشنل کرکٹ کی ویلیو اور بھی بڑھے گی۔