03 ستمبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ جب تک میرے جسم میں سانس باقی ہے میں حسینیت کا پرچار کرتا رہوں گا اور یزیدیت کے خلاف صدائے حق بلند کرتا رہوں گا۔ یہ بات انہوں نے ممتازذاکرہ اور انٹرنیشنل بخاری ریلیف فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن محترمہ خانم طیبہ بخاری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایم کیو ایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن فون کر کے الطاف حسین سے گفتگو کی ۔ محترمہ خانم نے اپنی اور بخاری فاؤنڈیشن کی جانب سے الطاف حسین کو انکے جراتمندانہ بیان پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔محترمہ خانم طیبہ بخاری نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان میں اہل تشیع افراد کے بہیمانہ قتل عام پر جس طرح جراتمندانہ موقف اختیار کیا اور اہل تشیع افراد کے حق میں آواز بلند کی اس پر میں اور مجھ جیسے کروڑوں اہل تشیع افراد ہمیشہ آپ کے احسان مند رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ اور آپ کی جماعت نے اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرکے تمام مکاتب فکر کے ماننے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کردیا جو کہ ایک عظیم کام ہے اور یہ صرف اور صرف آپ ہی کا طرہ امتیاز ہے جس پر تمام عالم اسلام خصوصا ً فقہ جعفریہ کے ماننے والے آپ کے شکر گزار ہیں ۔محترمہ خانم طیبہ بخاری نے مزید کہا کہ آپ کی آواز میں جو سچائی ہے وہ دلوں کو چھوتی ہے اور فقہ جعفریہ کے ماننے والے لاکھوں لوگوں کے دلوں میں آپ کے لئے جو محبت اور قدر ومنزلت ہے اس کا الفاظ میں اظہار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ الطاف حسین کی اس جراتمندانہ کوششوں سے ملک میں فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا اور تمام مسالک کے لوگ باہمی اتحاد اور اتفاق سے فرقہ واریت کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ الطاف حسین نے محترمہ خانم طیبہ بخاری کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ میں سرکار دوعالم ﷺ اور اہل بیت کی پیروری کرتے ہوئے اہل حق اور مظلوموں کی حمایت کررہا ہوں۔ میں اور میری جماعت ایم کیو ایم طویل عرصے سے فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے عملی جدوجہد کرہی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے تاہم وقت کا تقاضہ ہے کہ فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل و غارتگری کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام بھی میدان عمل میں آکر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام مشائخ عظام اور ذاکرین کو اتحاد بین المسلمین کانفرنس میں اکھٹا کرکے یہ دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ فقہ جعفریہ کے ماننے والوں کے قتل عام پر ناصرف آواز بلند کریں بلکہ ظلم کو ظلم بھی کہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق پرستی کی اس راہ میں اگر مجھے اپنی جان کی قربانی دینی پڑی تو میں اس سے بھی دریغ نہیں کروں گا ۔ انہوں نے محترمہ خانم طیبہ بخاری سے کہا کہ آپ فقہ جعفریہ کے ماننے والوں تک میرا یہ پیغام پہنچا دیں کہ جب تک میرے جسم میں سانس باقی ہے میں حسینیت کا پرچار کرتا رہوں گا اور یزیدیت کے خلاف صدائے حق بلند کرتا رہوں گا ۔ اس موقع پر محترمہ خانم طیبہ بخاری نے فقہ جعفریہ کے علمائے کرام اور عوام کی جانب سے الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت و عافیت کیلئے دعا کی اور ان کے جراتمندانہ اقدام پر انہیں سلام تحسین پیش کیا۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نو ابشاہ زون یونٹ 5-Aکے ڈسٹرکٹ الیکشن سیل کے کارکن عقیل احمد ،ایم کیوایم ایلڈرزونگ نیو کراچی سیکٹر کی کمیٹی کے رکن رانا عبد الصبارکی والدہ محترمہ سنجیدہ بیگم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافر مائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔(آمین)دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم سائٹ ٹاؤن یوسی 4الفتح کالونی کے کارکن منگل مسیح کے انتقال پر بھی دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔