Time 25 جون ، 2020
پاکستان

وزیر اعظم نے وزراء کو 6 ماہ دیے ہیں کسی اورنے نہیں دیے، وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر  شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزراء کو 6 ماہ دیے ہیں کسی اور نے نہیں دیے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا مطلب تھا کہ وزراء اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ورنہ 6 ماہ بعد انہیں تبدیل کردیا جائےگا۔

 شبلی فراز کا کہنا تھا کہ 6 ماہ بعد ہمارے ڈھائی سال رہ جائیں گے، وزیراعظم نے سنگِ میل دیا کہ مڈ ٹرم سے پہلے ہمیں کام ختم کرلینے چاہئیں، وزیر اعظم نیک نیتی سے ملک کو چلا رہے ہیں۔

 ان کا کہنا تھاکہ جتنے بھی وزراء ہیں ایک ٹیم کے طور پر سامنے آئے ہیں، اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے ،ہم اتفاق نہ کریں تو تنقید بھی کرتے ہیں،کابینہ ہو یا پارٹی ہم مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ اعتراضات والی بات پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں ہونی چاہیے، ہر کسی کے گلے شکو ے ہوتے ہیں لیکن لیڈر حالات کے تناظر میں دیکھتا ہے، ارکان اسمبلی کو تحفظات کااظہار باہر نہیں کرنا چاہیے، اتحادیوں کےسارے وعدے ایک وقت میں پورے نہیں ہوسکتے، وسائل اتنے کم ہیں کہ ساری چیزیں ایک وقت میں نہیں کرسکتے۔

شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم 18،18گھنٹےکام کرتےہیں اور اہم مواقع پر ایوان میں آتے ہیں، اپوزیشن لیڈرکو بھی ایوان میں آناچاہیے۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل ایک انٹرویو میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ  وزیر اعظم عمران خان وزراء کو خبردار کرچکے ہیں کہ ہمارے پاس ساڑھے پانچ چھ مہینے ہیں جس میں ہمیں خود کو تگڑا کرنا ہوگا ورنہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت بنی تو جہانگیر ترین ،اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کے اختلافات اتنے بڑھ گئے کہ پولیٹیکل کلاس سارے کھیل سے ہی باہر ہوگئی اور بیوروکریٹس نے جگہ لے لی، جن لوگوں نے یہ خلا پر کیا وہ سیاست سے تھے ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  نئے آنے والے لوگ نہ عمران خان کی سوچ سے ہم آہنگ ہیں اور نہ ان میں صلاحیت ہے تو پھر عمران خان کا وژن کیسے آگے بڑھ سکتا ہے۔

مزید خبریں :