29 جون ، 2020
ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن نے اس سال ہونے والا ساف فٹبال ٹورنامنٹ ملتوی کردیا، ٹورنامنٹ ایک سال کیلئے ملتوی کیا گیا ہے۔
ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کا اجلاس وڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوا اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی پاکستاف فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی سیکرٹری جنرل منیزے زینلی نے کی۔
اجلاس میں اس سال ساف کے ہونیوالے میچز کے مستقبل پر غور کیا گیا اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ستمبر میں بنگلہ دیش میں ہونیوالی ساف فٹبال چیمپئن شپ کو ایک سال کیلئے ملتوی کردیا جائے۔
ٹورنامنٹ کے التواء کا فیصلہ کورونا وائرس کی وبا اور اس کی وجہ سے مختلف جنوبی ایشیائی ملکوں میں اسپورٹس مقابلوں اور بعض سفری پابندوں کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ساف کے انڈر 19 اور انڈر 16 ایونٹس پر بھی تبالہ خیال کیا گیا تاہم فیصلہ اگلے اجلاس تک مؤخر کردیا گیا۔
ساف فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، مالدیپ، نیپال ، بھوٹان اور افغانستان کی ٹیموں نے شرکت کرنا تھی۔
ستمبر میں ہونیوالا ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کے بعد اب پاکستانی فٹبالرز کو انٹرنیشنل ایونٹس کیلئے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔