07 جولائی ، 2020
کراچی: ویسٹ زون ویمن پولیس اسٹیشن کو نئی شادی شدہ لڑکی عروسہ کے ورثاء کی تلاش ہے۔
پولیس کے مطابق عروسہ ضلع نواب شاہ میں قاضی احمد روڈ کی رہائشی ہےجس کی 6 ماہ قبل احمد نامی شخص سے شادی ہوئی تھی لیکن شوہر نے چند ہفتوں میں ہی مارپیٹ کر گھر سے نکال دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عروسہ کچھ عرصہ پہلے کراچی آئی تھی اسے ضلع سینٹرل کے شیلٹر ہوم میں داخل کرایا گیا تھا، شیلٹر ہوم کی انتظامیہ نے اس کے ماموں کو تلاش کیا اور اسے ماموں حوالے کردیا لیکن کچھ عرصے بعد ماموں نے بھی اس سے اظہار لاتعلقی کردیا جس کے بعد سے وہ پھر دربدر ہے تاہم اب عروسہ نے ویمن ویسٹ زون لیاقت آباد تھانے میں پناہ لی ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ عروسہ کے مطابق اس کی والدہ کا انتقال ہوچکا ہے، اکلوتا بھائی بھی ڈھائی سال قبل فوت ہوچکا ہے اور والد کا کہاں ہے اس کا کچھ پتا نہیں۔
ایس ایچ او ویمن ویسٹ زون لیاقت آباد عظمیٰ خان کے مطابق نواب شاہ پولیس سے رابطہ کرکےعروسہ کے والد کو تلاش کیا جارہا ہے۔