09 جولائی ، 2020
کراچی اسٹاک ایکسچینج حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی تحقیقات اصل مالکان اور گاڑی کی مالیت تفتیشی افسران کے سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے میں استعمال ہونے والی گاڑ ی کی مکمل تفصیلات تفتیشی حکام نے حاصل کرلیں۔
ذرائع نے بتایا کہ گاڑی سب سے پہلے ہل پارک کے قریب واقع نجی کمپنی کے سی ای او کو بینک کی جانب سے نام پر ملی جس کے بعد گاڑی ایک اور مالک کو فروخت ہونے کے بعد ماڑی پور کے رہائشی تاجر کو فروخت کی گئی اور تاجر نے چند ماہ گاڑی استعمال کرنے کے بعد گاڑی پرانی سبزی منڈی پر واقع شوروم کو فروخت کی۔
ذرائع کے مطابق شوروم سے گاڑی کو اسٹاک ایکسچینج حملے میں ملوث دہشتگرد نے 13 لاکھ روپے میں خریدا۔
گاڑی کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد تفتیشی حکام کے جانب چھاپا مار کارروائیاں بڑھادی گئی ہیں اور اب تک 10 سے زائد مشتبہ افراد کو تحقیقات کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 29 جون کو کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر چار دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔